نئی دہلی ، 17مئی(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کہنا ہے کہ وراٹ کوہلی یکم جون سے شروع ہو رہی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فارم میں لوٹیں گے اور وہ ان کے موجودہ خراب فارم کو لے کر قطعی فکر مند نہیں ہیں۔ کپل نے کہا کہ کوہلی کی موجودہ فارم قابل تشویش نہیں ہے،مجھے ان کی قابلیت پر بھروسہ تھا، مجھے کوئی وجہ نہیں لگتی کہ وہ پھر رن کیوں نہیں بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کے لئے اہم کھلاڑی ہیں اور اگر وہ رن بنانے لگیں تو ساری ٹیم حوصلہ افزاء ہو گی، اگر آپ کا کپتان فارم میں ہوتا ہے تو یہ سب سے اچھی بات ہے۔کوہلی نے گزشتہ سیشن میں 16 ٹیسٹ میچوں میں 973 رنز بنائے لیکن آئی پی ایل میں دس میچوں میں صرف 308 رن بنا سکے۔
سابق چمپئن ہندوستان کو پہلا میچ چار جون کو روایتی حریف پاکستان سے کھیلنا ہے۔ ورلڈ کپ 1983 میں ہندوستانی کو خطابی جیت دلانے والے کپل نے آخری اوورز میں بہترین بولنگ کرنے والے جسپریت بمراہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے پہلی بار بمراہ کو دیکھا تو میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اتنا آگے تک جائے گا، وہ ذہنی طور پر کافی مضبوط ہے۔جب آپ کا ایکشن صاف نہیں ہے تو اتنی درست لائن اور لینتھ سے گیند نہیں ڈال سکتا، وہ کافی مضبوط بولر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے جب اسے پہلی بار ون ڈے میچ کھیلنے دیکھا تھا، تب سے لے کر اب تک اس کے لئے میرے دل میں عزت کافی بڑھ گئی ہے۔کپل نے کہا کہ جب میں ان کھلاڑیوں کو دیکھتا ہوں تو مجھے نہیں لگتا کہ ان کی جگہ کوئی اور لے سکتا ہے، بھونیشور کمار بہت اچھا ہے۔اسی طرح امیش یادو اور محمد سمیع بھی۔ آر اشون واپس آ جائیں گے اور روندر جڈیجہ بھی۔ یہ اس وقت ملک کے بہترین بالر ہیں۔